آئی جے پرنسپل چوک میں ٹریفک جام ، دیرینہ مسئلہ دردسر بن گیا

February 22, 2017

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) آئی جے پرنسپل چوک میں ٹریفک جام رہنے کا دیرینہ مسئلہ عوام کے لئے دردسر بن گیا،جڑواں شہروں کے سنگم پرواقع مرکزی سڑک پردن کے بیشتراوقات میں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکاہے جس کے حل کے لئے متعلقہ ادارے کوئی اقدام نہیں اٹھارہے ،راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم روڈکی جانب سے اسلام آبادجانے والی ٹریفک ،پیرودھائی سے فیض آباداورفیض آبادسے اسلام آباد کی جانب ٹریفک بالخصوص بھاری گاڑیوں کی گزرگاہ ہونے کی وجہ سے 24گھنٹے آئی جے پی روڈپرگاڑیوں کا اژدھام رہتاہے جس کی وجہ سے اس اہم سڑک سے جڑواں شہروں میں آمدورفت رکھنے والے افرادکو سفرکرنے میں شدیدمشکلات کاسامنا کرناپڑتاہے خاص طورپرصبح سکول وکالجزجانے والے طلباء وطالبات اورسرکاری ونیم سرکاری دفاترمیں جانے والے ملازمین کو مسائل کاسامنا کرنا پڑتاہے منگل کی شب بھی ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے سٹیڈیم روڈ ، آئی جے پی روڈ اورآغاشاہی روڈ پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے عوام کوشدید دشواری کا سامناکرنا پڑا، یہاں انڈرپاس یا اوورہیڈبرج بنانے کی فوری ضرورت ہے جب کہ سڑک کے اطراف میں سروس روڈ زبنانے کی بھی ضرورت ہے تاکہ ٹریفک کوفلوزیادہ ہونے کے باوجود اس کی روانی متاثرنہ ہو اوربھلے ٹریفک آہستہ چلے لیکن چلتی رہے یہاں سفرکرنے والے افرادکاکہناہے کہ بڑی گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک پھنس جاتی ہے اوربعض اوقات منٹوں کاسفرگھنٹوں پرمحیط ہوجاتاہے آئی جے پرنسپل چوک میں ٹریفک جام ہونے کادیرینہ مسٗلہ حل کرنے کے لئے ارباب اختیارکوفوری اقدام کرنا ہوگا تاکہ یہ دیرینہ مسئلہ حل ہوسکے۔