ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ‘ ایک شخص قتل، دوسرا زخمی

March 06, 2017

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے ایک گاڑی، تین موٹرسائیکل، طلائی زیورات اور نقدی وغیرہ چوری کر لی گئی۔ تھانہ ٹیکسلا کے علاقہ میں ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل اور دوسرے کو زخمی کر دیا۔ ذرائع کے مطابق اتوار کی رات ڈاکٹر بشیر کلینک کے قریب ایک بیکری پر ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت کے دوران مسلم لیگ (ن) کے کونسلر حاجی شفقت کے بیٹے اسامہ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا جبکہ زاہد خان زخمی ہو گیا۔ تھانہ ائرپورٹ کو محمد یونس نے بتایا کہ گھر کے تالے توڑ کر ساڑھے 7لاکھ روپے، انعامی بانڈز مالیتی ساڑھے 4لاکھ روپے اور طلائی زیورات چرا لئے گئے۔ تھانہ مندرہ کو محمد شفیع نے بتایا کہ مندرہ شادی ہال میں بیٹے کی بارات کے دوران میری اہلیہ کے پرس سے 5لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات چوری ہو گئے۔ تھانہ روات کے علاقہ میں حیدر یار خان کے گھر کی اوپر والی منزل کی الماری سے زیورات مالیتی 6لاکھ 30ہزار چوری ہو گئے۔ تھانہ سٹی میں الطاف حسین سکنہ محلہ احاطہ کرم الٰہی گوالمنڈی نے رپورٹ کی کہ عبدالرشید نے بتلایا کہ میرا دنبہ وقاص احمد عرف وکی نے چوری کیا۔ تھانہ سول لائن کے علاقہ میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار طاہر نامی شخص سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ تھانہ واہ کینٹ کو محمد حنیف نے بتایاکہ محمد اشرف نے پلاٹ کیلئے 17لاکھ 50ہزار روپے امانتاً لئے جو اب نہ پلاٹ دے رہا ہے اور نہ ہی رقم واپس کر رہا ہے۔ تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ سے دو لڑکے مسز عارف سے پرس چھین کر فرار ہوگئے۔ تھانہ مری کے علاقہ سے خالد ظفر کی کار نمبر ایل ای ایچ 91، تھانہ گوجر خان کے علاقہ سے ایس ایم ندیم کی موٹر سائیکل نمبر آر آئی این 211، تھانہ سٹی کے علاقہ امپیریل مارکیٹ سے مہران خان کی موٹر سائیکل نمبر ایم کے 9737، تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ کمرشل مارکیٹ سے محمد عبیدالرحمٰن کی موٹر سائیکل نمبر آر آئی این9583 چوری ہوگئی۔