خودبخود ……

March 14, 2017

’’لانڈھی کی فیکٹری میں آگ لگی ہے۔
کتنی دیر میں بجھا لو گے؟‘‘
میں نے ڈوڈو سے دریافت کیا۔
وہ فائر بریگیڈ میں ملازم ہے۔
’’سولہ گھنٹے لگیں گے۔‘‘
جواب ملا۔
واقعی سولہ گھنٹے لگے۔
اس سے پہلے کلفٹن میں آگ لگی تھی۔
ڈوڈو نے بتایا، ’’چھ گھنٹے۔‘‘
پورے چھ گھنٹے لگے۔
اورنگی میں آگ لگی۔
ڈوڈو نے تسلی دی، ’’ایک گھنٹا۔‘‘
’’تم دئیے گئے وقت کے اندر آگ کیسے بجھا لیتے ہو؟‘‘
میں نے پوچھا۔
ڈوڈو نے کہا،
’’ہمارے پاس آگ بجھانے کا کوئی انتظام نہیں۔
میں صرف شدت کا اندازہ لگاتا ہوں۔
آگ تو خود بخود بجھتی ہے۔‘‘