ہالینڈ سے کشیدگی ، ترکی نے معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھادیا

March 20, 2017

انقرہ(نیوز ڈیسک) ترکی نے ہالینڈ بحران کا معاملہ اقوام متحدہ میں پیش کردیا، ترک خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر خاندانی امور وسماجی تحفظ فاطمہ بتول سایان قایا اور ان کے ہمراہ وفد نے ہالینڈ کی طرف سے ویانا معاہدے کی خلاف ورزی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا ہے۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں ترکی کے مستقل نمائندے فریدون سینیرلی اولو نے سیکرٹری جنرل انتونیو گولٹیرس کو ایک مراسلہ روانہ کرتے ہوئے اس بارے میںتفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس مراسلے میں واضح کیا گیا کہ ڈچ شہر روٹر ڈیم میں11مارچ کو ترک خاتون وزیر کو اپنے قونصل خانے میں داخلے سے جبراً روکنا ترک سفارتی عملے سے ناروا سلوک کا برتنا اور مقامی پولیس کا تشدد کرنا عالمی قوانین کے خلاف ورزی ہے جس پر آواز اٹھانا ترک حکومت کا حق ہے۔ مراسلے میں ویانا معاہدے کے تحت ہالینڈ کے خلاف ضروری اقدامات اختیار کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔