فیصلہ کن معرکہ ، پاکستان کیخلاف ویسٹ انڈیز کی ٹاس جیت کر بیٹنگ

April 11, 2017

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے انٹر نیشنل میچ کا ٹاس ویسٹ انڈیز کے کپتان نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جارج ٹائون گیانا میں کھیلاجانے والا میچ 2019 میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی حاصل کرنے کے لیےدونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

پاکستان نے آخری ون ڈے کے لیے دوسرے میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہےجبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

کپتان سرفراز احمد کے مطابق کوشش کریں گے کہ ویسٹ انڈیز کو جلد آؤٹ کرسکیں ،پہلے میچ میں شکست کے بعد کھلاڑیوں نے اچھا کم بیک کیا ہے۔

تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ ویسٹ انڈیز نے جیسن محمد کے91رنز کی بدولت پہلا میچ چار وکٹ سے جیتا تھا ۔ پاکستان نے بابر اعظم کی پانچویں سنچری اور حسن علی کی پانچ وکٹوں کی بدولت دوسرے ون ڈے میں 74رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سابق عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز اس وقت عالمی رینکنگ میں نویں اور پاکستان آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

پاکستان کو 2019 کے عالمی کپ میں اپنی براہ راست رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اس سیریز کے تینوں میچ جیتنا لازمی تھے جو کہ اب پہلے میچ میں شکست کے بعد ممکن نہیں رہا۔ تاہم سیریز جیتنے کی صورت میں اس کی آٹھویں پوزیشن برقرار رہ سکتی ہے۔

2019میں ہونے والے ورلڈ کپ میں عالمی رینکنگ کی ابتدائی آٹھ ٹیموں کو براہ راست رسائی حاصل ہوگی جبکہ دیگر ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا جن میں سے دو ہی ٹیمیں آگے جا سکیں گی۔