پولینڈ :پاکستانی ثقافت کو اجاگرکرنے کے لئے تقریب کا انعقاد

April 23, 2017

پولینڈ کے دوسرے بڑے شہر کراکو میں پاکستانی ثقافت کو اجاگرکرنے کے لئے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب کا انعقاد یونیورسٹی آف گاجیلونسکی کراکو نے سفارتخانہ پاکستان پولینڈ سے تعاون سے کیا۔

جاپانی میوزیم آف آرٹ و ٹیکنالوجی میں ہونے والی تقریب میں ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں خصوصا طلباء نے شرکت کرکے پاکستانی ثقافت و آرٹ میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔

سفارتخانہ پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شفاعت احمد کلیم نے بتایاکہ اس ایک روزہ تقریب کا عنوان ’’یوم پاکستان‘‘ تھا اور اس مقصد ثقافت کے فروغ کےذریعے وطن عزیز کے بارے میں مثبت متاثر کو اجاگرکرناتھا۔

یہ دوسری بار ہے کہ کراکو میں پاکستانی ثقافت کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ اس سے قبل گزشتہ برس بھی اس طرح کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سفیر پاکستان ڈاکٹرخالد میمن نے شرکت کی تھی۔

یونیورسٹی کے ادارہ براے مشرق وسطیٰ و بعید کی ڈائریکٹر ڈاکٹر رناتا چکالسکا نے اس سالانہ پروگرام کے انعقاد کے سلسلے میں پولینڈ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹرخالد حسین میمن کی کوششوں کو سراہا۔اور امید ظاہرکی کہ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کے سلسلے میں مستقبل میں بھی سفارتخانہ پاکستان کا تعاون جاری رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شفاعت احمد کلیم نے کہاکہ اس طرح کے پروگرام اہمیت کے حامل ہیں اور اس سے پاکستان کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی۔ خاص طورپر پولش طلبا کو پاکستان کے بارے میں مثبت باتیں معلوم ہونگی۔ انھوں نے پاکستان کے قیام کی جدوجہد اور پاکستان کی تاریخ پر بھی روشنی ڈالی۔

ایک مقامی طالب علم مسٹر مارسین نے شرکا کو اردو زبان اور اس کی ترقی کے بارے میں بتایا اور ابن صفی کے ادبی کام سے بھی آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ سلائیڈ کے ذریعے ٹرکوں اور دیگرگاڑیوں پر پھول پتیوں پر مبنی پاکستانی آرٹ اور پاکستانی کھانوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

یونیورسٹی کے شعبہ جنوبی ایشیا کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اگنشکا اورانسٹی ٹیوٹ برائے مشرق وسطیٰ و بعید کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹرکامیلا یونیک نے بھی خطاب کیا، اور پاکستانی ثقافت، آرٹ، زبان، روایات اور علاقائی میلوں کے بارے میں بتایا۔ پاکستانی ڈپٹی ہیڈ آف مشن شفاعت کلیم نے ڈاکٹر کامیلا یونیک کو پاکستان کے بارے میں ایک معلوماتی کتاب بھی پیش کی۔

تقریب کے دوران پاکستانی مہندی کاا سٹال بھی لگایاگیاتھا جو خواتین کے لیے خاص دلچسپی کا باعث بنا رہا۔آخر میںپاکستان کےروایتی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی ۔