جوہی : شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے باعث اسکول کے بچے بیہوش

April 24, 2017

جوہی(نامہ نگار) جوہی شہر کے مین پرائمری اسکول میں سخت گرمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے روزانہ کئی بچے بے ہوش ہونے پر جوہی کے اساتذہ اور درجنوں بچوں نے جھولیاں پھیلا کر شہریوں سے چندہ مانگنے کی مہم شروع کردی شہر کی مختلف دکانوں کارخانوں اور تجارتی مراکز کے علاوہ مختلف با اثر شخصیات سے چندہ وصول کرتے ہوئے طلبہ اور اساتذہ نے بتایا کہ مین پرائمری اسکول جوہی میں بجلی نہ ہونے اور پینے کے پانی کی شدید قلت کی وجہ سے روزانہ کئی بچے بے ہوش ہو جاتے ہیں اسکول کے ہیڈ ماسٹر غلام محمد لوند کے علاوہ اساتذہ عزیز سومرو علی نواز رسمانی سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ نے شہریوں سے مدد کی اپیل کی۔ اس موقع پر شھریوں نے 40 ہزار سے زائد چندہ دیا شاگردوں اور اساتذہ کی جانب سے جھولی پھیلا کر چندہ مانگنے کے انوکھے طریقے پر سینکڑوں شہری جمع ہوگئے اور ماحول سوگوار ہو گیا۔ اساتذہ اور شاگردوں کی جانب سے شھر میں چندہ مانگنے کے حوالے سے جب میونسپل چیئرمین عبدالمجید جمالی کو پتہ چلا تو وہ فوراً شہر کے مین بازار میں پہنچ گیا اور اساتذہ اور طلبہ کو اپنے دفتر لے گیا اس موقع پر میونسپل چیئرمین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کی بے حسی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا اور جوہی کے مین پرائمری اسکول اقراء اسکول اور گرلز اسکول کیلئے سولر سسٹم میونسپل کمیٹی جوہی کی جانب سے دینے کا اعلان کیا انھوں نے اساتذہ سے کہا کہ جمع ہونے والے چندہ کی رقم سے پینے کے پانی کا بندوبست کریں چیئرمین میونسپل عبدالمجید جمالی کے اس عمل پر شہریوں سینکڑوں اسکولی بچوں اور اساتذہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔