لڑکی کا شوہر کے ساتھ جانے سے انکار

April 30, 2017

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) 8th ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد کی عدالت میں لطیف آباد نمبر 10 کے رہائشی ساجد اعوان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ اس نے 24 اپریل کو لطیف آباد نمبر 5 کی رہائشی مسماۃ اقصیٰ بنت محمد ظہور سے پسند کی شادی کی تھی اور بیوی کو گھر لے آیا تھا جہاں سے 28 اپریل کو اقصیٰ کے گھر والے اس کی بیوی کو زبردستی اپنے گھر لے گئے ہیں اور حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے‘ بیوی کو بازیاب کراکے اس کے حوالے کیا جائے۔عدالتی احکامات پر بی سیکشن پولیس نے 20 سالہ اقصیٰ کو اس کے والدین کے گھر سے بازیاب کراکے عدالت میں پیش کیا۔ عدالت میں اقصیٰ نے کہا کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ رہنا چاہتی ہے‘ شوہر کے ہمراہ جانا نہیں چاہتی جس پر عدالت نے اسے والدین کے ساتھ جانے کی اجازت دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی ہے۔