لاکھینجو دڑو پر کھدائی کا کام جلد شروع کیا جائے گا،وزیر ثقافت

May 19, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نودارات سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ لاکھین جو دڑو سے ہاتھی مہر ملنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس سے تحقیق کے نئے زاوئے کھلیں گے اور ہم لاکھین جو دڑو پر عالمی معیار کے مطابق کھدائی کا کام جلد ہی شروع کروائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم عجائب گھر کے موقعے پر محکمہء ثقافت، سیاحت و نوادرات کی جانب سے منعقدہ خصوصی نمائش اور موہین جو دڑو کی رسم الخط کے حوالے سے امریکی آرکیالاجسٹ جوناتھن مارک کنائر کے لیکچر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فرانس کے قونصل جنرل، چین کے کلچرل اتاچی، جرمنی کے قونصل جنرل و دیگر شریک تھے۔ منعقد کی گئی خصوصی نمائش میں موہین جو دڑو اور دیگرقبل مسیح قدیمی نوادرات نمائش میں رکھے گئے جس میں عوام نے موہین جو دڑو سے ملنے والے کنگ پریسٹ، پہلی قبل مسیح صدی کے زیورات اور 1447ء کے سونے سے لکھے گئے قرآن پاک کے نسخے میں زیادہ دلچسپی لی۔