سرٹیفکیٹس جاری کرنے کے نام پر شہریوںکو لوٹنے کا سلسلہ جاری

May 19, 2017

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) لوکل گورنمنٹ کے ماتحت یونین کونسل دفاترز میں ڈیتھ، برتھ، میرج، طلاق سمیت دیگر سرٹیفکیٹس جاری کرنے کے نام پر شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے ،یونین کونسل دفاتر ز میں کلریکل اسٹاف نے مذکورہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے خود ساختہ ریٹ مقرر کرکے کمائی کاذریعہ بنالیاہے، شہریوں کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے ہی شہریوں سے لوٹ مارشروع کردی ،سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ شہری مذکورہ سرٹیفکیٹ کے اجراءکے لئے یوسیدفاتر میں رقم کی ادائیگی کی رسید حاصل کریں، مذکورہ سرٹیفکیٹ کی سرکاری فیس 100روپے ہے،اضافی رقم لینے والے اسٹاف کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ بلدیاتی نظام کے تحت تعلقہ لطیف آباد اور سٹی میں 92 یونین کمیٹیز، تعلقہ قاسم آباد میں میونسپل کمیٹی، ٹنڈوجام میونسپل کمیٹی، ہوسٹری ٹاؤن کمیٹی اور ڈسٹرکٹ کونسل میں یوسی سطح پرپیدائش، موت، شادی اور طلاق سرٹیفکیٹ کے اجراءکا کام گزشتہ ایک سال سے بند تھا جس کی وجہ لوکل گورنمنٹ کے ماتحت یونین کونسلز کے اکاؤنٹ سیل ہونے اور نئے بلدیاتی نظام کے مطابق نادراڈیٹا بیس اپ ڈیٹ نہ ہوناتھا تاہم شہریوں کو درپیش مسائل کے حوا لے سے میڈیامیں خبریں شائع ہونے کے بعد لوکل گورنمنٹ اور نادرا کی جانب سے پرانے بلدیہ نظام کے مطابق اولڈ یوسیز کے اکاؤنٹ فعال کرکے پیپرکااجراءشروع کردیا گیاہے جس سے ایک یوسیز کے اکاؤنٹ سے تین یوسیز کے معاملات چلائےجارہے ہیں،جس سے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور نادرا کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے تو دوسری جانب بلدیاتی نمائندوں کے دفاتر میں بیٹھے کلرک شہریوں کو پیدائش، موت، شادی، طلاق سرٹیفکیٹ اوردیگر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے نام پر لوٹ مار کررہے ہیں ۔مذکورہ یوسیز دفاتر میں کلریکل اسٹاف کی جانب سے مذکورہ سرٹیفکیٹ کے اجراءکے خود ساختہ ریٹ مقرر کردئےگئے ہیں جس کے مطابق پیدائش سرٹیفکیٹ کے کم ازکم 400، میر ج سرٹیفکیٹ کے 500، نکاح نامہ 400، ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجراءکے 500 روپے اسی طرح دیگر سرٹیفکیٹ کے نام پر سینکڑوں روپے وصول کئے جارہے ہیں جبکہ یوسی کلرک کے مطابق انہیں مذکورہ سرٹیفکیٹ کے فی پیپر50سے 60روپے نادرا اکاؤنٹ میں جمع کرنے پڑتے ہیں ا ور40سے 50 روپے پرنٹ وغیر ہ کا خرچ آتا ہے لیکن شہری نمائندوں کے دفاتر میں ہی معصوم شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے خلاف اعلیٰ حکام نوٹس لینے سے قاصر ہیں ۔جنگ کے رابط کرنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا ریجن(سول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم )محمد اعظم کاکہناہے کہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے نئی بلدیاتی نظام کے تحت یوسیز کا ڈیٹافراہم نہیں کیاگیا ہے جس کی وجہ سے پرانی یوسیز کے اکاؤنٹ فعال کرکے مذکورہ سرٹیفکیٹ کے اجراءکا م شروع کردیاگیاہے ۔ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ محمدرمضان اعوان کا کہنا ہے کہ شہری مذکورہ سرٹیفکیٹ کے اجراءکے لئے یوسیز دفاتر میں رقم کی ادائیگی کی رسید حاصل کریں، مذکورہ سرٹیفکیٹ کی سرکاری فیس 100روپے ہے اضافی رقم لینے والے اسٹاف کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔