ومبلڈن میں وائلڈ کارڈ انٹری کی درخواست نہیں کرونگی،شراپووا

May 20, 2017

لندن ( نیوز ایجنسیز) روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپووا ومبلڈن میں حصہ لینے کے لیے وائلڈ کارڈ پر انحصار کرنے کی بجائے براہِ راست کوالیفائی کرنے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نےروہیمپٹن میں ومبلڈن کے لیے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کھیلنے کا اعلان کیا ہے ۔ ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کی پاداش میں 15 ماہ کی پابندی کے بعد وہ ٹینس کی دنیا میں دوبارہ سے قدم جمانے کی کوشش کر رہی ہیں۔30سالہ شراپووا کو فرنچ اوپن منتظمین نے وائلڈ کارڈ دینے سے انکار کردیا ہے البتہ برمنگھم ٹینس ایونٹ کیلیے انہیں وائلڈ کارڈ دیا گیا ہے۔شراپووا کو ومبلڈن تک رسائی کیلیے تین کوالیفائنگ راؤنڈز جیتنا پڑیں گے۔ وہ اس وقت عالمی رینکنگ میں 211 ویں نمبر پر ہیں اس سبب ان کی ومبلڈن میں براہ راست شرکت کا کوئی امکان نہیں۔ان کا کہنا ہے کہواپسی کے بعد میں نے تین ٹورنامنٹ کھیلے ہیں اس بدولت میری رینکنگ بہتر ہوئی ہے۔ اگروہ اٹالین اوپن کے سیمی فائنل تک پہنچ جاتیں توومبلڈن کے مین رائونڈ میں پہنچنے کا حق حاصل کرلیتیں۔لیکن وہ دوسرے راؤنڈ کے میچ ہی میں ریٹائر ہو گئیں۔