اشتعال انگیزکارروائی کابھرپورجواب دیں گے، آرمی چیف

May 23, 2017

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سرحدوں کےساتھ کسی بھی جگہ پر اشتعال انگیزکارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 75ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف نے حالیہ سرحدی اور سیز فائر خلاف ورزیوں کا جواب دینے پر جوانوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزکی ان گنت قربانیوں کے بعد استحکام حاصل ہوا، پُرامن پاکستان کے حصول کے لیےقوم کی مدد سے ان کامیابیوں کو مستحکم کریں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمسایوں سے دیرپا امن کے قیام کی دیرینہ خواہش پر قائم ہیں، سیکیورٹی فورسز کی ان گنت قربانیوں کےبعداستحکام حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پرامن پاکستان کے حصول کے لیے قوم کی مدد سے ان کامیابیوں کو مستحکم کریں گے، سرحدوں کے ساتھ کسی جگہ پر کسی بھی اشتعال انگیز کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 75ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کو جیواسٹریٹیجک صورتحال، آپریشن ردالفساد میں پیشرفت ،روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے مشرقی اور مغربی محاذوں پر اگلے مورچوں کے حالیہ دوروں کا حوالہ دیا،مشرقی و مغربی سرحدوں پر آپریشنل تیاریوں اور مشرقی و مغربی سرحدوں پر فوجیوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں پاک افغان بہتر بارڈر مینجمنٹ ،فاٹا کی صورتحال ،فاٹا اصلاحات اور بلوچستان کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال پر غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ کانفرنس میں اصلاحاتی عمل کوفاٹاعوام کےجذبات کےمطابق کرنے اور بلوچستان کے استحکام و ترقی کے لیے بامقصد کردار جاری رکھنےکےعزم کااعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں سی پیک منصوبے پر بروقت پیشرفت کیلئے مزید محفوظ ماحول پر توجہ دینے پر زو دیتے ہوئے سی پیک اورسی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کراچی اور پنجاب میں آپریشنز پائیدار استحکام تک جاری رکھے جائیں گے۔

شرکا ئے کانفرنس نے آرمی کی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات پر مکمل اظہار اطمینان کرتے ہوئے ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔