لیبیا:حکومت اور مسلح ملیشیا کی لڑائی،28افراد ہلاک ،130 زخمی

May 27, 2017

لیبیا میں حکومت کے حامیوں اور مسلح ملیشیا کے درمیان لڑائی میں کم سےکم 28 افراد ہلاک اور 130 زخمی ہوگئے ہیں۔

لیبیا میں سیکیورٹی امور کی نگرانی کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے سابق چیئرمین ہاشم بشر نے بتایا کہ گذشتہ روز عالمی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جاری لڑائی میں 28 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ہاشم بشر کا مزید کہناتھاکہ ہلاک ہونے والے بیشتر افراد حکومت کے ماتحت وزارت داخلہ کے بریگیڈ کا حصہ ہیں۔

عربی ٹی وی کے مطابق لیبیا میں حکومت کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان تازہ جھڑپیں کل جمعہ کو اس وقت شروع ہوئیں جب باغی گروپ ’الغویل‘ کے کرنل صلاح بادی کی قیادت میں ایک گروپ نے سرکاری عمارتوں پر دھاوا بول دیا۔

باغیوں نے الھضبہ البدری، اکواخ کالونی اور بو سلیم کالونی سمیت متعدد مقامات پر قبضہ کرلیا،الھضبہ جیل کی انتظامیہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جیل پر بھی گولہ باری کی گئی ہے۔