نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل،سینیٹ اور پارٹی عہدہ سے استعفیٰ طلب

May 31, 2017

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سینیٹر نہال ہاشمی سے استعفیٰ طلب کر لیا ہے،نہال ہاشمی کے پاس مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ ہے۔

ذرائع کے مطابق نہال ہاشمی کو وزیر عظم ہائوس بھی طلب کیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہیں پارٹی کی جانب سے باقاعدہ شوکاز نوٹس بھی جا ری کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نہال ہاشمی سے استعفیٰ طلب کرنے کی تصدیق کرتے ہو ئے کہا کہ ان سے نہ صرف پارٹی عہدے سے استعفیٰ طلب کیا گیاہے بلکہ ان سے سینیٹر شپ سے بھی مستعفی ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔

نہال ہاشمی کو پارٹی کی جانب سے باقاعدہ شوکاز نوٹس بھی جا ری کردیا گیا ہے جس میں انہیں پارٹی رکنیت سے معطل کر کے وضاحت کےلئے وزیراعظم ہائوس طلب کیا گیا ہےکہ انہوں نے کس سوچ کے تحت یہ بیان جا ری کیا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی کاسوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں کہنا تھا کہ احتساب کرنے والوں ہم تمہارا یوم حساب بنادیں گے، تم جس کااحتساب کر رہے ہو وہ نوازشریف کا بیٹاہے، ہم نےتم کو چھوڑنا نہیں ،آج حاضر سروس ہو کل ریٹائر ہوجاؤ گے، ہم تمہارے بچوں اور خاندان کے لیے پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے ۔