پاکستان ڈرون حملے برداشت نہیں کرے گا، ترجمان دفتر خارجہ

June 22, 2017

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈرون حملے برداشت نہیں کرے گا، یہ حملے ملکی خود مختاری کے خلاف ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کیلئے پر عزم ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پاک امریکا تعلقات سے متعلق عالمی میڈیا کی خبروں پر تبصرے سے گریز کیا۔

نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا کہہ چکا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں ہمارے قومی مفاد کے تحت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے کسی بھی وفد کے دورے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ دو طرفہ سطح پر دوروں سے تعلقات مستحکم ہوں گے اور اس سے افغان مسئلے کے حل میں مددملےگی۔