فتح مکہ احترام انسانیت پرمبنی اسلامی تاریخ کا بے مثال واقعہ ہے،حنیف طیب

June 24, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے چیئرمین وسابق وفاقی وزیرڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے کہاکہ فتح مکہ امن وسلامتی اور احترام انسانیت پرمبنی اسلامی تاریخ کا بے مثال واقعہ ہے فتح مکہ کا سب سے اہم ترین پہلوانسانیت کااحترام ہے۔ آپ کادشمنوں سے حسن سلوک ،ان کی مددوخیرخواہی،ہمدردی اور انسانیت ان کی مجرمانہ حرکات پرعفودرگزراور مثالی مذہبی رواداری کاسب سے بڑا اظہارفتح مکہ کے موقع پر ہوا۔ انہوں نے کہاکہ آپ ﷺکے دشمنوں نے بدنام کرنے اور اذیت پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی اور آپ کواذیت دیکر مکہ سے نکالنے پرمجبورکردیا اُس کے باوجود آپ نے فتح مکہ کے موقع پر اپنے خون کے پیاسوں، مظالم ڈھانے والوں کویہ کہہ کرچھوڑدیا کہ جاؤتم آزادہویہ ہی نہیں بلکہ انہیں زندگی کی ہرسہولت بھی فراہم کی۔انہوںنے کہاکہ عالمی جنگوں اور فتوحات کی پوری تاریخ میں اس جیسی مثال نہیں ملتی ۔آپ ﷺ نے عفودرگزرکی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک باقی رہے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے المصطفیٰ میڈیکل سینٹرگلشن اقبال میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ جو لوگ اسلام کوبدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں اوراسلام کو انتہاپسندی کادین سمجھتے ہیں اُن کوبطورچیلنج پوچھتاہوں کہ فتح مکہ میں نبی کریم ﷺنے جان کے دشمنوں کوبھی معاف کردیاتھا۔