عامر ایسیکس میں الیسٹر کک کی جانب سے استقبال پر خوش

June 24, 2017

انگلینڈ ( جنگ نیوز) پاکستانی بولر محمد عامر کی انگلش کائونٹی میں شمولیت پر انگلینڈ کے سابق کپتان ایلسٹر کک نے خیر مقدم کیا ہے ۔ لیفٹ آرم بولر محمد عامر ایسیکس کاؤنٹی جوائن کرچکےہیں وہ 26 جون سے مڈل سیکس کے خلاف ہونے والا فرسٹ کلاس میچ کھیلیں گے۔ محمد عامر 2010 میں بھی کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے قریب تھے لیکن اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے نتیجے میں ان پر پانچ سالہ پابندی عائد کردی گئی تھی اور لندن کی ایک عدالت نے انھیں چھ ماہ کی سزا بھی سنائی تھی۔ گزشتہ برس جب عامر کی کرکٹ میدانوں میں واپسی ہوئی اور انہیں انگلینڈ کا ویزا ملا تو یہی ایلسٹر کک تھے جنہوں نے کہا تھا کہ کرکٹ کی سالمیت کیلئے میچ فکسرز پر تا حیات پابندی ہونی چاہئے ۔ عامر جنہوں نے ایسیکس کاؤنٹی کیساتھ گذشتہ برس نومبر میں فرسٹ کلاس کرکٹ اور ٹی 20 میچز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے اور کک کے درمیان کوئی دشمنی نہیں ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں ۔ عامر کا مزید کہنا تھا کہ میں جب یہاں پہنچا تھا تو میری ان سے ملاقات ہوئی ۔ کک نے بہت مزاحیہ انداز میں کہا کہ میں اردو سیکھنا چاہتا ہوں تم مجھے سکھانا ۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ ایک بہترین بیٹسمین اور ایک اچھے انسان ہیں ۔ مجھے یقین ہے ان کے ساتھ یہ سفر بہترین گزرے گا ۔ محمد عامر نے اعتراف کیا کہ بھارت کیخلاف اوول میں شاندار کارکردگی نے کیریئر کا نیا باب لکھا ہےاور اس کی بدولت انگلش ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ضرور کامیابی ملے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم بھارت چیمپئنز ٹرافی جیتےہیں اس سے اعتماد بحال اور حوصلہ بلند ہوا ہے جسے میں انگلش کائونٹی میں استعمال کرونگا ۔ یہ سیزن میرے لئے بہت زبردست ہے کیونکہ میں پہلی بار کائونٹی کرکٹ کا حصہ بنا ہوں ۔ میں یہاں اچھے لوگوں سے ملا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ سفر بہترین رہے گا۔