سکھر : اہم شاہراہوںپر تجاوزات کی بھرمار، بدترین ٹریفک جام

June 26, 2017

سکھر (بیورو رپورٹ) شہر کی اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں تجاوزات کی بھرمار سے بدترین ٹریفک جام، عیدالفطر کی خریداری کرنیوالے مرد و خواتین اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہوگئے۔ اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز میں دکاندارں کی جانب سے دکانوں کے باہر اور فٹ پاتھوں پر کئی کئی فٹ جگہ گھیر کر سامان رکھے جانے کی وجہ سے عیدالفطر سے ایک روز قبل بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ گھنٹہ گھر چوک، شہید گنج، مہران مرکز، بیراج روڈ، پان منڈی، شہید گنج، صرافہ بازار، شاہی بازار، کریانہ بازار، کٹی بازار، لڑائیکی بازار، ایوب گیٹ، ریس کورس روڈ، منارہ روڈ، مشن روڈ، نیم کی چاڑی، فرےئر روڈ، میانی روڈ ودیگر پر ویگنیں، رکشے، سوزوکی، کار و دیگر چھوٹی و بڑی گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔ عید الفطر کی تیاریوں کے سلسلے میں خریداری کرنے کیلئے تجارتی مراکز پہنچنے والے مرد و خواتین کو بدترین ٹریفک جام رہنے کی وجہ سے انتہائی اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، دکانداروں کی جانب سے دکانوں کے آگے کئی کئی فٹ جگہ گھیرنے پر متعدد مقامات پر تاجروں اور خریداروں کے درمیان نوک جھونک بھی دیکھنے میں آئی۔ بیرون شہر سے خریداری کیلئے آنیوالے افراد کی جانب سے کار پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے بے ہنگم انداز سے گاڑیاں پارک کرنے کے نتیجے میں ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین ہوگیا، گھنٹہ گھر چوک پر کاروں کے اژدھام سے صورتحال انتہائی گھمبیر ہوگئی، اسٹیشن روڈ، میرمعصوم شاہ چاڑی، شہید گنج اور بیراج روڈ کی سمت جانیوالے تمام راستے بلاک ہوکر رہ گئے اور گھنٹوں تک ٹریفک جام ہوگیا، شدید گرمی میں بدترین تریفک جام میں پھنسی مسافر گاڑیوں میں سوار متعدد ضعیف العمر افراد اور خواتین کی حالت غیر ہوگئیں۔ شہریوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ تجاوزات قائم کرنیوالوں گرفتار کرکے سخت کارروائی عمل میں لاکر بدترین ٹریفک جام کے عذاب سے نجات دلائی جائے۔