معروف ہدایتکارکام نہ ہونے کے سبب اپنے گھروں تک محدود

June 29, 2017

کراچی( اسٹاف رپورٹر) فلمی صنعت میں کام تو شروع ہوگیا ہے لیکن بحرانی کیفیت برقرار ہے ۔ اسی سبب معروف ہدایتکار اس وقت کام نہ ہونے کے سبب اپنے گھروں تک محدود ہوگئے ہیں۔ ان میں اقبال کاشمیری، الطاف حسین، ناصر ادیب اور جاوید رضا جیسے کہنہ مشق اور سینئر ہدایتکار شامل ہیں ،تفصیلات کے مطابق اس بحرانی کیفیت کا سبب ہمارے یہاں اچانک میگا بجٹ اور میگا اسٹار کاسٹ بننے والی فلمیں ہیں ۔ جن کے باعث فلمی صنعت کو مزید کٹھن حالات کا سامنا ہے ۔ اپنے دور میں یہ تمام ہدایتکا ر عید کے قریب اپنی فلموں کی تیاری اور ریلیز میں اس قدر مصروف ہوجاتے تھے کہ انہیں کئی کئی روز اپنے گھر جانے کی فرصت نہیں ملتی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلمی بحران کے خاتمہ کے بعد جس حکمت عملی کی ضرورت تھی اسے فلمی صنعت کے لوگوں نے محسوس نہیں کیا اور بس کام شروع کردیا۔ لٰہذا اب فلم کے لوگوں کو اس سلسلہ میں ایک پالیسی وضع کرنا چاہیے ۔