سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانےوالوں کیخلاف تفتیش کا دائرہ وسیع،متعدد پیج بلاک

June 29, 2017

اسلام آباد (ایوب ناصر خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر ایف آئی اے نے سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت کو ہوا دینے اور عدم استحکام پھیلانے کی سازش کے خلاف تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے ۔ایف آئی اے سائبرکرائم سیل نے اس مذموم دھندے میں ملوث افراد کے بارے میں فیس بک اور ٹیوٹر سے تفصیلات طلب کرلی ہیں اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والے پیج بلاک کرنے کےلئے پی ٹی اے کو سازشی مہم چلانے والوں کے خلاف ایکشن کےلئے خط لکھا دیا ہے ۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ قومی اتحاد، یگانگت اور ہم آہنگی کی آج جتنی ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔تمام فقہوں کے علمائے کرام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور تفرقہ بازی اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف آواز اٹھائیں۔فرقہ وارانہ تشدد پاکستان کے لئے اتنا ہی خطرناک ہے جتنی دہشت گردی کی عفریت ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ فرقہ واریت کو ہوا دینے والے ملک کے دوست نہیں۔چوہدری نثار علی خان نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور تمام فقہوں کے علمائے کرام کی مشاورت سے اس سلسلے میں مشترکہ آواز اٹھانے اور اس روش کی فوری روک تھام کے لیے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس ضمن میں جب ریجنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر مظہرالحق کاکاخیل سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میںرجسٹرڈ انکوائری نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ۔ فرقہ واریت کو ہوا دینے والے 20سے زائد پیج ڈراپ ہو گئے ہیں ۔ تاہم اس سازشی مہم میں ملوث افراد کے بارے میں معلومات جمع کی جارہی ہیں۔