نوازشریف فوج اور سپریم کورٹ پر انگلیاں اٹھار ہے ہیں، عمران خان

June 29, 2017

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قوم مان چکی ہے نواز شریف مجرم ہے، نواز شریف نے جو ریکارڈ بتایا وہ سارا جعلی تھا.

انہوں نے کسی عرب شیخ کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہوئے تصویر دی ، جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنا دی اب یہ اس کے پیچھے پڑ گئے ہیں کہ بہت بڑی سازش ہو رہی ہے، پاکستانی فوج اور سپریم کورٹ پر بھی انگلیاں اٹھا رہے ہیں, جب سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس بنے اور نئے آرمی چیف آئے تھے تو مریم نواز نے ٹوئٹ کیا تھا کہ طوفان چلا گیا ہے، مشکل وقت نکل گیا ہے۔

ان کے کہنے کا مطلب تھا کہ اب اپنے لوگ آ گئے ہیں لیکن جب انہوں نے انہیں کرپشن سے نہیں بچایا تو متنازع ہو گئے ہیں اور کہتے ہیں کہ سلامتی خطرے میں ہے، نواز شریف صرف بہاولپور گئے کوئٹہ اور پارا چنار نہیں گئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ خراب موسم کے باعث کوئٹہ اور پارا چنار نہیں جاسکے ہیں۔ جب مجھے فوج کی طرف سے اشارہ ملے گا میں پارا چنار کا دورہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بنی گالہ میں پارٹی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کریمنل انوسٹی گیشن ہو رہی ہے انہیں جے آئی ٹی سے سوال کرنے کا حق نہیں، وزیر اعظم نے اسمبلی میں جھوٹ بولا کہ تمام دستاویزات موجود ہیں ، سپریم کورٹ گئے تو کہا کہ ہمارے پاس کچھ بھی نہیں ، پھر قطری آگیا، میری منی ٹریل سپریم کورٹ میں پڑی ہے ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ لندن پریس کانفرنس سے واضح ہو گیا کہ نواز شریف کے پاس جے آئی ٹی کے 13 سوالوں کے جواب نہیں ہیں۔ نواز شریف اپنے پیسے اور کرپشن بچانے کے لئے بچوں اور مرحوم والد کو سامنے لے آئے۔ مریم نواز پیش ہوتی ہیں تو یہ کسی اور کا نہیں نواز شریف کا قصور ہے۔ نواز شریف کو کوئٹہ اور پارہ چنار جانا چاہئے تھا ، یہ صرف پنجاب کے وزیر اعظم نہیں۔

انہوں نے 21 سال پنجاب کی حکمرانی کی لیکن ایک ادارہ بھی ٹھیک نہیں ہوا ، ترقی صرف اشتہاروں میں ہو رہی ہے۔ پانامہ فیصلے پر مٹھائیاں بانٹنے والوں نے اب اداروں کو برا بھلا کہنا شروع کر دیا ہے۔ عمران خان نے کوئٹہ ، پاراچنار میں دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت اور سانحہ بہاولپور پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمد پور شرقیہ کا حادثہ انتہائی افسوس ناک ہے ، خراب موسم کی وجہ سے میں نہیں جا سکا ، چھوٹے صوبوں میں پہلے ہی احساس محرومی ہے ، وزیر اعظم کو کوئٹہ اور پارہ چنار جانا چاہئے تھا کیونکہ وہ وفاق کی نمائندگی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عید لندن میں گزاری ، ساٹھ ساٹھ لوگوں کو ساتھ لے کر سرکاری عمرے کرتے ہیں ، پوری دنیا میں ایسا کہیں نہیں ہوتا ، نواز شریف کے غیر ملکی دوروں پر یومیہ 27 لاکھ روپے خرچ ہوئے ، ان دوروں سے پاکستانیوں کو کیا ملتا ہے۔ عمران خان نے وزیر اعظم کو مخاطب کر کے کہا کہ نواز شریف ! آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ فیصلہ خلاف آیا تو قوم نہیں مانے گی ۔

انہوں نے قوم کو پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح میچ ختم ہونے سے پہلے ہی قوم کو جیت کی مبارکباد دی تھی بالکل اسی طرح جے آئی ٹی کے فیصلے سے پہلے قوم کو مبارک باد دیتا ہوں کہ یہ فیصلہ پاکستان کو اوپر لے جائے گا۔