راول ڈیم کا پانی پینے کیلئے موزوں قرار،جڑواں شہروں کوسپلائی بحال

July 17, 2017

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) راول ڈیم سے راولپنڈی کے شہریوں کیلئے پانی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے ، واسا نے مختلف اداروں کی لیبارٹریز کی رپورٹ آنے کے بعدپانی کی سپلائی بحالی کی ہے ، پاکستان آبی وسائل کی تحقیقاتی کونسل (پی سی آر ڈبلیو آر) ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، پاک ای پی اے کی لیبارٹریز کی ابتدائی رپورٹس میں راول ڈیم کے پانی کو پینے کیلئے موزوں قرار دیا ہے ، راول ڈیم میں بڑی تعداد میں مچھلیوں کی ہلاکت کے بعد راولپنڈی اسلام آباد کو پانی کی سپلائی اتوار کی دوپہر بند کر دی گئی تھی اور کہا جا رہا تھا کہ راول ڈیم کے پانی میں مبینہ طور پر زہریلا مواد ملائے جانے کی وجہ سے مچھلیوں کی ہلاکت ہوئی ہے ، اس معاملے کی تہہ تک جانے کیلئے واسا نے اپنی لیبارٹری سمیت دیگر لیبارٹریوںسے بھی راول ڈیم کا پانی ٹیسٹ کروایا جنہوں نے پانی کو پینے کیلئے موزوں قراردیدیاجس کے بعد ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود پانی نے ڈیم سے راولپنڈی کے شہریوں کو پانی کی سپلائی بحال کر دی ۔پاکستان تحفظ ماحولیات ایجنسی (پاک ای پی اے) نے راول ڈیم سے مردہ مچھلیوں کو فوری تلف کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے راول ڈیم کی مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس آجبلا لیا ہے ،ڈائریکٹر جنرل پاک ای پی اے فرزانہ الطاف شاہ نے جنگ کو بتایا کہ 2004ء میں اس طرح کا واقعہ پیش آ چکا ہے اس وقت بھی پانی میں آکسیجن کم ہو جانے کے باعث بڑی تعداد میں مچھلیاں ہلاک ہو گئی تھیں ، گزشتہ روز کے واقعہ میں سلور فش ہلاک ہوئی ہیں جن میں قوت برداشت بہت کم تھی ، 15سومردہ مچھلیوں کو راول ڈیم سے الگ کر لیا گیا ہے جبکہ باقی مردہ مچھلیوں کو بھی وہاں سے گھلنے سڑھنے سے پہلے نکالنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کو کہہ دیا گیا ہے ،تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں ۔