وکٹیں اڑانے والے اپنی اہم وکٹ نہ بچا سکے، ناز بلوچ پی پی میں شامل

July 17, 2017

کراچی(نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کی رہنما ناز بلوچ نے ایک مرتبہ پھر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔وکٹیں اڑانے والی پارٹی پی ٹی آئی اپنی اہم وکٹ نہ بچا سکی، ناز بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا رخ صرف پنجاب اور مرکز ہے، کراچی اور سندھ اس کی ترجیحات میں شامل نہیں، تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے تحریک انصاف خود تبدیل ہوگئی ہے، عمران خان بچی کھچی پارٹی کو بچا لیں، سندھ میں غیر سیاسی لوگوں کو پارٹی قیادت دیدی گئی ہے۔

پیپلزپارٹی کے میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کے دوران ناز بلوچ نے تحریک انصاف کو خیرباد کہتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما فریال تالپور بھی موجود تھیں۔ ناز بلوچ نے کہا کہ آج دوبارہ اپنے گھر لوٹ آئی ہوں۔ میرے والد نے بھٹو کے ہاتھ میں پارٹی جوائین کی۔ انہوں نے کہاکہ ایک ایسی شخصیت جو عمران خان کے ساتھ رہی وہ آج پیپلزپارٹی میں شامل ہوں لوگ چونک گئے ہیں ۔میری خدمات عمران خان سے زیادہ ملک کیلئے تھیں۔ ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے تحریک انصاف خود تبدیل ہوگئی، یہی وجہ ہے کہ میں نے تحریک انصاف کو خیرباد کہتے ہوئے پیپلز پارٹی میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں سندھ کی بیٹی ہوں لیکن تحریک انصاف کا فوکس صرف پنجاب ہے اس لئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد محسوس ہو رہا ہے کہ دوبارہ اپنے گھر واپس لوٹ آئی ہوں۔ ناز بلوچ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کی ترجمانی کر رہے ہیں، میری تربیت جمہوری انداز میں ہوئی اس لئے سابقہ جماعت پر الزام تراشی نہیں کروں گی، پیپلزپارٹی کے ساتھ سفر شروع کیا ہے اسے آگے لے کر بڑھوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں نوجوانوں کی ترجمانی نہیں ہو رہی اور سندھ میں غیر سیاسی لوگوں کو قیادت دی گئی ہے، عمران خان کارکنوں کی آواز سنیں تاکہ بچی ہوئی پارٹی بچ سکے۔ ناز بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا رخ صرف پنجاب اور مرکز کی طرف ہے جس کی وجہ سے کراچی اور سندھ نظر انداز ہے، عمران خان جب بھی کراچی آتے ہیں تو مقامی قیادت انہیں کارکنان سے دور رکھتی ہے، عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے لوگ نہ تو نوجوان ہیں اور نہ ہی وہ کارکنان کی ترجمانی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ خصوصا کراچی سے 2013 کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے 8لاکھ ووٹ حاصل کیے لیکن اس کے باوجود عمران خان نے سندھ پر توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں پی ٹی آئی کا ورکر پارٹی چھوڑرہا ہے۔ نازبلوچ نے کہاکہ کراچی میں ضمنی الیکشن میں ہار کی وجہ پی ٹی آئی کے چار لوگوں کی میوزیکل چیئر ہے گھوم کر یہ ہی لوگ کراچی کے صدر بن جاتے ہیں۔پی ٹی آئی قیادت کی عدم توجہ سے کراچی میں ان کو حاصل ہونے والا مینڈیٹ ضائع ہوگیا۔ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ اور فریال تالپور نے ناز بلوچ کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت کے بعد پیپلزپارٹی کی طاقت مزید بڑھے گی، انتخابات میں ہم کراچی میں بھی اکثریت حاصل کریں گے۔