گاڑیوں میں ناقص گیس سلنڈرز کسی صورت استعمال نہ کئے جائیں‘ سیکرٹری آر ٹی اے

July 17, 2017

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے پبلک ٹرانسپورٹ مالکان کو خبردار کیا ہے کہ گاڑیوں میں ناقص گیس سلنڈرز کسی صورت استعمال نہ کئے جائیں۔ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنے کیلئے کوالٹی سلنڈرز استعمال کئے جائیں۔ سیکرٹری آر ٹی اے خالد یامین ستی نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بعض ٹرانسپورٹ مالکان چند روپوں کی بچت کی خاطر ناقص کوالٹی سلنڈرز کا استعمال کرتے ہیں جس سے حادثات اور انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔ ناقص سلنڈرز کا استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ناقص سلنڈرز‘ روٹ پورا نہ کرنے والی یا زائد کرایہ وصولی کرنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی خالد یامین ستی نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین یونین کونسل پڑیال چوہدری نذر عباس کی جانب سے 22نمبر چونگی سے چکری، پڑیال تک چلنے والی ویگنوں میں مبینہ طور پر ناقص سلنڈرز کے استعمال، زائد کرایہ کی وصولی اور اوور لوڈنگ کے حوالے سے دی گئی درخواست پر ایکشن لیتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ چونگی نمبر 22سے چکری‘ پڑیال اور دیگر روٹس پر جانے والی گاڑیوں میں ناقص سلنڈرز کا استعمال یا دیگر خلاف ضابطہ امور پر سخت ایکشن لیاجائیگا۔