پی ٹی آئی کی ناراض لیگی رہنماؤں کو ساتھ ملانے کی کوششیں تیز

July 24, 2017

راولپنڈی ( آن لائن ) پاناما کیس کے تناظر میں وزیراعظم نواز شریف کی قسمت کے حوالے سے غیر یقینی سیاسی صورتحال نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو راولپنڈی میں جوڑ توڑ اور ن لیگ کے بڑے سیاسی رہنمائوں کو ساتھ ملانے کا موقع فراہم کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی نے ن لیگ کے ناراض رہنمائوں کو ساتھ ملانے کی کوششیں تیزکردی ہیں‘رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر 2014 ء کے دھرنے کے تناظر میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اراکین پارلیمنٹ کی پشت پناہی میں ایک گروپ ابھر کر سامنے آیا تھا‘ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے پارٹی کی مقامی تنظیم کو بہتر بنانے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں اور ضلعی رہنماء زاہد کاظمی کو حصہ داری سونپ دی ہے‘ ایک سینئر پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ن لیگ کے قدآور رہنمائوں کو ساتھ ملانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا کیونکہ انتخابات کا سال قریب آرہا ہے ۔