بلوچستان کے 4 ہائی رسک اضلاع میں پولیو مہم

July 24, 2017

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے چار ہائی رسک اضلاع میں 5 روزہ پولیو مہم شروع ہوگئی۔

کوآرڈی نیٹرایمرجنسی آپریشن سینٹر کوئٹہ سید فیصل احمد کے مطابق مہم کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، پشین اور مستونگ میں چلائی جا رہی ہے ، جس دوران مجمو عی طور پر 3 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

سید فیصل احمد کا بتانا ہے کہ شہر کے دا خلی اورخارجی راستوں، ہوائی اڈوں، ریلوے اور بس اسٹیشنز سمیت مختلف گزر گاہوں پر بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والی ٹیموں کے ر ضاکار تعینات ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران ٹیموں کی سکیورٹی کے لئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ گز شتہ ہفتے صوبے کے 9 اضلاع میں مہم چلائی گئی تھی۔