پاکستان سے عازمین حج کی سعود ی عرب آمد شروع

July 25, 2017

جدہ (شاہد نعیم ، نمائندہ خصوصی ) پاکستان سے عازمین حج کی پروازیں سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ اورجدہ پہنچنا شروع ہوگئی ہیں۔ جدہ کے ہوائی اڈے پاکستانی حجاج کا استقبال ہیڈ آف چانسلری اور قونصیلٹ کے دیگر افسران نے کیا ،حجاج کی آمد پر پاکستانی حج مشن کی جانب سے انہیں ٹھنڈی مشروبات اور ناشتہ فراہم کیاگیا ۔ واضح رہے کہ اس مرتبہ پاکستان سے 1,79,210 عازمین حج سعودی عرب آئینگے جن میں 107,526 عازمین حج کا انتظام سرکاری حج اسکیم کے تحت ہے جسکے لئے سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن کی کمیٹی نے مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ میں عمارتیں حاصل کرلی ہیں عمارتوں میں حجاج کیلئے تین وقت کھانا فراہم کرنے کیلئے کینٹینوں کا بندوبست کیا گیا ۔

ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن نے جنگ کو بتایا کہ ہم نے عازمین حج کیلئے کم فاصلے پر موجود عمارتیں حاصل کی ہیں ۔ پی آئی اے کے کنٹری منیجر امتیاز بھٹو نے بتایا کہ اس سال58,000 عازمین حج پی آئی اے کے ذریعے جدہ اور مدینہ المنورہ پہنچیں گے جسکے لئے پی آئی اے کا اضافی عملہ پہنچ چکا ہے جبکہ بقیہ حجاج کرام دیگر ائرلا ئنز کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں گے ۔ حجاج کی خدمت کیلئے ڈاکٹر یوسفانی نے بتا یاکہ خدام الحجاج اور طبی عملہ بھی پاکستان سے پہنچ چکا ہے جبکہ مقامی رضاکاروں نے بھی اپنی صفیں منظم کرلی ہیں ۔