آصف کرمانی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب

July 27, 2017

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما آصف کرمانی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔

سینیٹ کی یہ نشست پیپلز پارٹی چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ڈاکٹر بابر اعوان کے مستعفیٰ ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

آصف کرمانی کے مقابلے پر پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق سمیت کسی اپوزیشن پارٹی نے امیدوار کھڑا نہیں کیا۔

مذکورہ نشست کے لیے آزاد امیدوار خرم قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تاہم وہ تکنیکی بنیادوں پر مسترد کر دیے گئے تھے جبکہ ن لیگ کے ایک اور امیدوار ملک نعمان احمد لنگڑیال نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔

آصف کرمانی کے منتخب ہونے کے بعد مسلم لیگ ن 27 ارکان سینیٹ کے ساتھ ایوان میں پہلے نمبر پر آگئی جبکہ پیپلز پارٹی کا دوسرا نمبر ہے۔

آصف کرمانی اس سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور کے طور پر کام کر رہے تھے۔