دنیا کا معمر ترین شخص 113 سال کی عمر میں انتقال کر گیا

August 15, 2017

دنیا کے معمر ترین شخص ہونے کا اعزاز رکھنے والے اسرائیل کرسٹل 113 برس کی عمر میں چل بسے۔

اسرائیل کرسٹل اپنی 114 ویں سالگرہ سے ایک ماہ قبل وفات پاگئے۔کرسٹل کی بیٹی نے بھی والد کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔

کرسٹل کو گزشتہ برس دنیا کا معمر ترین شخص قرار دیا گیا تھا اور ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا تھا۔

اسرائیل کرسٹل 15 ستمبر 1903 کو پولینڈ میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے دنیا میں ہونے والی دو عظیم جنگوں کو بھی دیکھا اور زندگی کے کئی عروج و زوال کے شاہد بنے۔

ان کی پہلی بیوی اور دو بچے دوسری جنگ عظیم کے دوران قتل کردیے گئے تھے۔ 1950 میں کرسٹل اسرائیل منتقل ہوئے جہاں انہوں نے دوبارہ اپنا گھر آباد کیا اور کنفیکشری کا کاروبار شروع کیا تھا۔

کرسٹال سے قبل دنیا کے معمر ترین شخص کا اعزاز 112 سال 312 دن تک زندہ رہنے والے جاپانی یاسوتارو کوئڈی کے پاس تھا۔