پاکستان کو ایشیاکاٹائیگر بنانے کیلئے اپنے پائوںپر کھڑاہوناہوگا، ارکان پارلیمنٹ کمیونٹی رہنما

August 18, 2017

کوونٹری (وقار ملک/ابرار مغل) اپنے ملک کی آزادی کا جشن منانے سے اندازہ ہوتا ہے کہ عوام میں کتنا جذبہ اور محبت پائی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممبران یورپین پارلیمنٹ، برٹش پارلیمنٹ، لارڈ میئر کوونٹری کونسل کہ افسران کونسلرز اور پاکستان کمیونٹی کے علاوہ سکھ تنظیم خالصہ و کمیونٹی کے چیئرمین افطار سنگیڑا نے کیا۔ تقریب کا آغاز حاجی مبارک کیانی نے قرآن پاک کی تلاوت سے کیا تقریب میںشریک رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لئے اور پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگربنانے کے لئے اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب میں چیئرمین سکھ کمیونٹی نے اپنے ہاتھوں کو لہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان زندہ باد پاکستان اس بات کا حق رکھتا ہے کہ اسے زندہ باد کہا جائے کیونکہ پاکستان نے عوام کو جمہوریت دی، آزادی دی عوام خوشحالی کی طرف بڑھ رہے ہیںاور اپنی زندگیوں کو آسانی سے گزار رہے ہیں۔

میرا پاکستان سے لگائو کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اپنی زندگی میں 350بار پاکستان جا چکا ہوں اور ہر سال سیکڑوں سکھ پاکستان لے کر جاتا ہوں۔انہوںنے کہا کہ آزادی کا مطلب تو ہم سکھوں سے پوچھو، ہم آج تک آزادی کی جنگ لڑ رہےہیں۔ تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی آصف محمودنے پبلک ایڈ ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد انسانیت کی خدمت ہونا چاہئے۔ ہم نے انسانیت کو خوش کر لیا تو اللہ کی خوشنودی حاصل ہوگی جس سے سارا نظام بہتر ہوگا اور ملک ترقی کرے گا، افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان میں حکومتیں عوام نہیں اقتدار کو اہمیت دیتی ہیں، ہم اس نظام کی تبدیلی کے لئے سرگرداں ہیں۔ ممبر آف یورپین پارلیمنٹ شان سائمن نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی کہ پاکستان کے عوام اس قدر محبت ولولے سے اپنا جشن مناتے ہیں پاکستان زندہ باد اس لئے کہاجاتا ہے کیونکہ پاکستان کے عوام زندہ دل ہیں۔

انہوں نے ناصر تارڑ، کونسلر کامران خان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ پبلک ایڈ ٹرسٹ کے ساتھ تعاون کریں گے۔ کوونٹری کونسل کے لیڈر جارج ڈگن نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنا ہم سب کا فرض ہے، کوونٹری کونسل، کونسلر کامران خان کے تعاون سے لاتعداد مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر ہمیشہ تعاون کریں گے اور پبلک ایڈٹرسٹ کے چیئرمین ناصر تارڑ کے ساتھ انسانیت کی خدمت کے جذبہ کو آگے بڑھانے کے لئے جدوجہد کریں گے۔ لارڈ میئر ٹونی سکیپر نے کہا کہ کوونٹری میں پبلک ایڈٹرسٹ کی طرف سے جشن آزادی پاکستان کی تقریب دیکھ کر اور پاکستانیوں کے جذبہ کو دیکھ کر خوشی ہوئی یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ پاکستانی ہر سطح پر مقبول بھی ہیں اور محنتی بھی ہیں۔

انہوں نے ہر جگہ ہر ملک میں اپنا مقام بنایا، پاکستان نے تھوڑے عرصہ میں ترقی کی اور آج اپنا ایک مقام بنایا۔ کوونٹری کونسل کونسلر کامران خان کے تعاون سے کمیونٹی کے لئے مزید بہتری کے لئے تگ دو کر رہی ہے۔ چیئرمین پبلک ایڈ ٹرسٹ نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھنا ہے۔ جب خواتین پڑھی لکھی ہوں گی تو ہماری پڑھی لکھی نسل تیار ہوگی اس مقصد کے لئے پاکستان میں خواتین کے سکولز کا جال بچھایا جائے گا۔ صحت کے لئے ہسپتال تیار کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن خاتون ڈاکٹر روتھ فائو پاکستان میں انسانیت کی خدمت کرتی رہیں اور پاکستان میں ہی وفات پاگئیں، ان کے نام سے ایک لائبریری کے قیام کا اعلان کرتا ہوں۔

کیبنٹ ممبر آف کوونٹری کونسل کامران خان نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ آج پوری کمیونٹی کے سرکردہ افراد جشن آزادی کی تقریب میں شامل ہوئے اور پبلک ایڈٹرسٹ کی خدمات کو سراہا۔ آج برٹش پارلیمنٹرین، اعلیٰ حکام کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کس قدر اہم ملک ہے آج کہ دن ہمیں متحد ہو کر پاکستان اور برطانیہ کی سلامتی کا عہد کرنا ہوگا۔ ہمیں ترقی خوشحالی کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی ۔تقریب میںگلوکار ابرارالحق کی اچانک آمد پر کمیونٹی کے افراد حیران و ششدر رہ گئے اور ابرارالحق سے درخواست کی کہ وہ پاکستان کا گیت گائیں۔ اس موقع پر انہوں نے ملی ترانہ اور پاکستان دل دل پاکستان گا کر لوگوں کے دل جیت لئے۔

انہوں نے کہا کہ ناصر عباس تارڑ خدمت کا جذبہ لے کر کام کر رہے ہیں یہ جذبہ جہد مسلسل کا نام ہے جس کے لئے زندگیاں وقف کرنا پڑتی ہیں، ہمیں جشن آزادی کے موقع پر یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو مضبوط بنانا ہے۔ پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانا ہے لیکن اس کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے۔ ہمیں پاکستان کو مضبوط بنانے کے لئے وہ سسٹم لانا ہوگا کہ ہاتھ کسی کے آگے نہ پھیلایا جائےاوراپنے پائوں پر خود کھڑا ہونا ہوگا۔ بالکل اسی جذبہ کے ساتھ جس جذبہ سے جشن آزادی منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کوونٹری کمیونٹی بالخصوص کامران خان، حاجی مبارک کیانی، وقار ملک، ناصر عباس تارڑ کا شکریہ ادا کیا جنہوںنے شاندار جشن کا اہتمام کیا ۔

تقریب کا آغاز حاجی مبارک کیانی نے قرآن پاک کی تلاوت سے کیا۔ تقریب کے اختتام پر ملی نغمے گائے گئے اور کمیونٹی کے سرکردہ افراد چوہدری اللہ دتہ، حاجی مبارک کیانی، عثمان حانی، ممبر آف صوبائی اسمبلی آصف محمود کو خصوصی شیلڈز دی گئیں اور پبلک ایڈ ٹرسٹ سے متعلق دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ تمام برٹش اور سکھ کمیونٹی سمیت پاکستانیوں کو سپیشل ہیٹ جو پاکستانی جھنڈے کلر سے بنائے گئے تھے پہنائے گئے برٹش پارلیمنٹیرین ہیٹ پہن کر جیوے جیوے پاکستان کے گانے پر جھومتے رہے ممبر آف پارلیمنٹ کولین فلیچرز نے کہا کہ آج کا دن دیکھ کر اور مونال کا کھانا کھا کر دل جھوم اٹھا اور میری خواہش اور کوشش ہوگی کہ ناصر تارڑ، کامران خان کے ساتھ مل کر ایک گروپ کی شکل میں پاکستان کا دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گریٹ پاکستان کے عوام گریٹ انہوں نے دنیا بھر میں اپنا ایک مقام بنالیا ہے۔