کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری اپیلٹ ٹریبونل میں چیلنج

August 18, 2017

پاکستان عوامی تحریک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کردیا ہے۔

پاناما کیس میں نوازشریف کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا۔

پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق چوہدری نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو اپیلٹ ٹریبونل میں چیلنج کیا۔

اپیل کنندہ کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہےکہ کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں اقامے کی تفصیلات شامل نہیں کیں اور اپنے کاغذات میں حقائق چھپائے ہیں۔

اپیل کنندہ کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر نےحقائق کےبرعکس کلثوم نوازکےکاغذات منظورکیے لہٰذا کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ این اے 120 کی نشست پرہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد، مسلم لیگ ن کی کلثوم نواز، پیپلزپارٹی کے فیصل میر اور پاکستان عوامی تحریک کے اشتیاق چودھری امیدوار ہیں، ان کے علاوہ آزاد امیدوار بھی انتخاب میںحصہ لے رہے ہیں۔

گزشتہ روز ضمنی انتخاب کے عمل میں حصہ لینے کے لیے ریٹرننگ افسر نے اپوزیشن کے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جسے آج چیلنج کردیا گیا ہے۔