امید ہے پاک افغان مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرلینگے،افغان سفیر

August 20, 2017

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان میں متعین افغان سفیر عمر زخیلوال نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بعض حل طلب مسائل اور کچھ غلط فہمیاں موجود ہیں لیکن پہلے کی نسبت اب حالات قدرے بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے دونوں جانب سے مسائل کے حل کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ وہ ہفتے کو اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں افغان سفارتخانے کی نئی عمارت کےسنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ افغان سفیر نے کہا کہ دو طرفہ کوششوں کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ پہلے جب کبھی دونوں ملکوں میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوتا تھا تو دو طرفہ تعلقات کافی عرصے تک تناؤ کا شکار رہتے تھے لیکن موجودہ حالات میں ہم پُر امید ہوچکے ہیں کہ اس طرح کے مسائل کو حل کرنے میں اب ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی اور دونوں ملک ایسے مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرلیں گے۔