معیاری تعلیم کے بغیر ترقی و خوشحالی ممکن نہیں، گورنر سندھ

August 28, 2017

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاہے کہ کوئی بھی معاشرہ اچھی اور معیاری تعلیمی سہولیات کے بغیر ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روٹس ملینیم یونیورسٹی کالج کے دورے کے موقع پر طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر روٹس ملینیم اسکول کے سی ای او فیصل مشتاق ملک بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم سماجی شعبہ کے اہم جزو ہیں۔ کوئی بھی معاشرہ اچھی اور معیاری تعلیمی سہولیات کے بغیر ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پرائمری، سیکنڈری اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں پر توجہ دے رہی ہے خصوصاً جامعات کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نجی جامعات کی جانب سے اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی اور کیمپس میں جدید ترین سہولیات کی فراہمی نہایت خوش آئند ہے اس سے نہ صرف طالب علموں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ انہیں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ بھی مل رہا ہے۔ روٹس ملینیم اسکولز کے سی ای او فیصل مشتاق ملک نے کالج آمد پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔