ورلڈالیون میں کوئی پھٹیچر کھلاڑی نہیں، وزیر داخلہ

September 11, 2017

وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان آنے والی ورلڈ الیون کی ٹیم میں کوئی پھٹیچر کھلاڑی نہیں، آئی سی سی سیکیورٹی ٹیم کی کلیئرنس کے بعد لاہور میں میچز ہورہے ہیں، اس کو صوبائی رنگ نہیں دینا چاہیے، ملک میں ایک لیڈر ایسا ہے جسے ہر چیز خراب نظر آتی ہے۔

احسن اقبال کا مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میںکہنا تھا کہ 2017 کا پاکستان 2013 کے پاکستان سے بہت بہتر ہے ، اپوزیشن ادھر اُدھر کی سیاست نہ کرے۔

انہوںنے کہا کہ آئندہ انتخابات اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے بعد 2018 میں ہوں گے، اپوزیشن سے درخواست ہے کہ ساتھ بیٹھ کر انتخابی اصلاحات کے لیے کام کرے ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش بیرونی خطرات سے اتحاد کے ذریعے نمٹا جا سکتا ہے، پاکستان کے تعلیمی اداروں کی جامعات کی انتظامیہ کو مزید چوکس ہونے کی ضرورت ہے، چند لو گ ہیں جو نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں یہ کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں مسلم ممالک کے تنازعات کو حل کرنے میں ناکام ہیں، بڑھتی دہشت گردی میں عالمی طاقتوں کابھی قصور ہے، مسلم ممالک کے تنازعات کو انتہا پسند نوجوانوں کو ورغلانے کےلیے استعمال کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ سے تعلق نہ ہونے کی باتیں غلط ہیں، وزیراعلیٰ سندھ سے گہرے تعلقات ہیں، سندھ حکومت سے بہت اچھا ورکنگ ریلیشن قائم ہوچکا ہے ۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف لندن اہلیہ کی عیادت کےلیے گئے ہیں سیاسی سرگرمیوں کے لئے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم میں نصاب صوبوں کو منتقل ہوچکا ہے، انصار الشریعہ کے خلاف کارروائی میں بڑی کامیابی ملی ہے ۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی بلڈنگ میں لگنےوالی آگ سے کوئی اہم ریکارڈ نہیں جلا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اورپھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے ۔