نیتن یاھو آئندہ ہفتے امریکی صدر سے ملاقات کریں گے

September 13, 2017

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو جو ان دنوں لاطینی امریکا کے دورے پر ہیں آئندہ ہفتے نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔

فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم ہائوس کے ترجمان اویر جندلمن نے ایک بیان میں بتایا کہ نیتن یاھو اپنے دوست امریکی صدر ٹرمپ سے آئندہ ہفتے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے۔

جندلمن کا کہنا ہے کہ ملاقات کی جگہ اور وقت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔ تاہم توقع ہے کہ نیتن یاھو اور ٹرمپ کے درمیان ملاقات جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے قبل ہوگی۔

خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو گذشتہ اتوار کو لاطینی امریکی ملکوں کے دورے پر روانہ ہوگئے تھے۔نیتن یاھو کا یہ دورہ 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔

اس دوران وہ ارجنٹائن، کولمبیا اور میکسیکو کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔جہاں سے وہ امریکا میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوں گے۔