دھونی نےنصف سنچریوں کی سنچری بنالی

September 18, 2017

سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اننگز میں 50 یا اس سے زائد رنز بنانے کی سنچری مکمل کرلی، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر اور چوتھے بھارتی بیٹسمین بن گئے ہیں۔

بھارتی وکٹ کیپر بیٹسمین سے قبل سری لنکا کے کمارسنگاکارا یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں،دھونی نے یہ کارنامہ آسٹریلیاں کے خلاف جاری ہوم سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں انجام دیا ۔

چنئی کے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں دھونی نے 88 گیندوں پر 79 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میں کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

بھارت کی طرف سے سچن ٹنڈولکر نے 664 میچوں میں 164 بار نصف سنچری بنائی، راہول ڈریوڈ نے 504 مقابلوں میں 145 مرتبہ 50 یا اس سے زائد رنز کی اننگز کھیلی۔

سارو گنگولی نے 421 مقابلوں میں 106 بار یہ حد عبور کی ہے، دھونی کے کیریئر کا یہ مجموعی طور پر 467 واں انٹرنیشنل میچ شمار ہوا۔

ویرات کوہلی اب تک 75 ففٹیز بناکر اس فہرست میں شامل ہیں، موجودہ بھارتی کپتان نے اب تک 305 بین الاقوامی میچز میں حصہ لیا ہے۔

سابق کپتان اظہر الدین کو 433 میچزمیں 79 ففٹیز بنانے کا اعزاز حاصل رہا ہے، سنیل گاوسکر 233 میچز میں 72 نصف سنچریاں اپنے نام جوڑچکے ہیں، وریندر سہواگ نے 363 مقابلوں میں 70 بار 50 کے ہندسے تک رسائی حاصل کی ہے۔