اسپاٹ فکسنگ، شرجیل نے سزا ، بورڈ نے اسکی مدت کو چیلنج کردیا

September 22, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ٹیسٹ کرکٹر شرجیل خان نے پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبونل کے فیصلے کو چیلنج کر دیا ہے۔

انہوں نے تمام پانچ شقوں کو چیلنج کیا ہے۔

معطل کرکٹر شرجیل خان نے آزادانہ ایڈجوڈیکٹر مقرر کرنے کے لئے اپیل کی ہے۔

شرجیل کے وکیل شیغان اعجاز کا کہنا ہے کہ ہمارے گواہان کے بیانات کودرست طریقے سے رپورٹ نہیں کیا گیا۔ ہمیں ٹیکسٹ میسجز دکھائے گئے نہ دبئی میں کیے گئے انٹرویو کی وڈیو ریکارڈنگ دی گئی ۔ معطل کرکٹرز کی سزاؤں تک کے عمل میں پی سی بی کی تمام کارروائیاں محض مفروضوں پرقائم تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل کا فون ابھی تک بورڈ کے پاس ہے۔ آسٹریلیا نیوزی لینڈ دورے کی میچ فیس بھی ادا نہیں کی گئی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں دی گئی سزا کو چیلنج کیا ہے، بورڈ کا کہنا ہے کہ شرجیل کو کم سزا دی گئی ہے، اسے مزید سخت کیا جائے۔ خیال رہے کہ شرجیل کو ڈھائی سال کی معطل سزا سمیت مجموعی طور پر پانچ برس پابندی کی سزاد ی گئی ہے۔ دریں اثنا خالد لطیف کے وکیل بدر عالم نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ ٹریبونل کا رویہ بہت خراب تھا۔ انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے۔27 رمضان کو نامعلوم نمبر سے خالد لطیف کو دھمکی آمیز کال موصول ہوئی۔ جس کی باقاعدہ شکایت ایف آئی اے کو کریں گے۔ ہمیں مک مکا کی آفر بھی ہوئی ، ہم صحیح تھے اسی لیے کیس لڑتے رہے۔