حج و عمرہ کے معاملات ریگولیٹ کرنے کیلئے نئی قانون سازی کا فیصلہ

September 22, 2017

اسلام آباد( طاہر خلیل)حج اور عمرہ کے معاملات ریگولیٹ کرنے کے لئے نئی قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، مجوزہ قانون کے تحت حج کے ساتھ عمرہ کے بھی تمام معاملات وزارت مذہبی امور کو منتقل ہوجائیں گے۔ جمعرات کو اسلام آباد میں مفتی عبدالسلام جلالی کی جانب سے کامیاب حج آپریشن کی تکمیل پرمنعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہاکہ2017 کا حج آپریشن5 اکتوبر کو مکمل ہوجائے گا گزشتہ چار سالوں کی طرح امسال بھی حاجیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں ایک لاکھ80 ہزار پاکستانیوں نے حج کی سعادت حاصل کی، دنیا بھر سے 23 لاکھ52 ہزار افراد نے حج کیا، گزشتہ سال کے مقابلے میں 7 لاکھ حاجی زیادہ تھے، جس میں 2 لاکھ 80 ہزار حاجیوں کو ٹرین کے ٹکٹ ملے ان میں 49ہزار پاکستانی بھی شامل تھے۔

20 لاکھ حاجیوں کو ٹرانسپورٹ سے مشاعر مقدسہ جانا تھا 50 ہزار بسیں تھیں جو صرف 7/6 لاکھ حاجیوں کےلئے کافی تھیں باقی نے پیدل سفر کیا۔ ہم نے ٹرانسپورٹ نہ ملنے والے حاجیوں کو ان کی رقم واپس کردی، انہوں نے کہا کہ نئی حج پالیسی کےلئے عوام سے تجاویز حاصل کی جائیں گی اسی طرح حج و عمرہ کےنئے قانون پر عوام کی آرا کو شامل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے عازمین حج کے لئے بہترین انتظامات کئے۔

ہم ان کے شکر گزار ہیں، سردار یوسف نے بتایا کہ جدہ اورمدینہ منورہ میں حاجیوں کےلئے امیگریشن کا وقت کم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ حاجیوں کو تین چار گھنٹے انتظار نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہاکہ اوپن سکائی پالیسی اختیار کرنے پر سنجیدگی سے کام ہورہا ہے جس کے ذریعے پی آئی اے کے ساتھ دیگر ائر لائنز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اس سے حاجیوں کا اخراجاتی پیکیج کم ہوجائے گا، قبل ازیں میزبان مفتی عبدالسلام جلالی نے پاکستانی حاجیوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی پر سردار یوسف کو خراج تحسین پیش کیا ۔تقریب میں علمائے کرام ، دینی سکالرز اور عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔