ن لیگ کو ووٹ،ایم کیو ایم نے میاں عتیق کو پارٹی سے نکال دیا

September 25, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ نے سینیٹ میں انتخابی اصلاحات بل 2017 میں ووٹنگ کے دوران مسلم لیگ(ن) کے حق میں ووٹ دینے پرسینیٹر میاں عتیق کی پارٹی سے نکال دیا ہے اور ان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اخلاقی طور پر سینیٹر سے مستعفی ہوجائیں ۔ایم کیوایم کے تین سینیٹرز طاہر مشہدی ،نگہت مرزا اور بیرسٹر محمدعلی کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کردیے ہیں ۔یہ اعلان ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے اتوار کی شب پارٹی کے مرکز میں سینیٹرز کے اجلاس کے بعد پر یس کانفرنس میں کیا ۔انھوں نے کہا کہ متحدہ قومی مومونٹ پاکستان کی قیادت نے اپنے سینیٹرز کے ساتھ اجلاس کیا ۔

اس اجلاس میں جائزہ لیا گیا کہ ایم کیوایم پاکستان کے سینیٹر میاں عتیق نے کس طرح پارٹی پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے انتخابی اصلاحات بل 2017 میں ووٹنگ کے دوران مسلم لیگ(ن) کے حق میں ووٹ دیا ۔انھوں نے کہا کہ اس بل میں ایم کیوایم کے ایک سینیٹر کی وجہ سے اپوزیشن کی اہم ترمیم ایک ووٹ سے مسترد ہوئی ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہم نے اہنے دوسینیٹرز طاہر مشہدی اور محمد علی سیف کو وضاحت کے ساتھ ہدایت کی تھی کہ( ن) لیگ کی ترمیم کے خلاف ووٹ ڈالنا ہے۔اس معاملے پر اپوزیشن کی ترمیم اصولی طور پر درست تھی۔ہم آئینی ترمیم پر اپوزیشن کے ساتھ تھے۔ہم نے پالیسی کے خلاف ووٹ دینے کا سخت نوٹس لیاہے ۔

پارٹی کی پالیسی میں کہیں ابہام نہیں تھا۔اس ترمیم سے قبل سینیٹرطاہر مشہدی ملک سے باہر چلے گئے ،جب وہ آئیں گے ان سے بات ہوگی۔دو سینیٹرز نے سمجھا کہ جمعہ کے بعد ایوان کا سیشن نہیں ہوگا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میاں عتیق نے تسلیم کیا ہے کہ انھوں نے پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دیا ہے ۔میاں عتیق نے بتایا کہ ا یاز صادق اور سعد رفیق نے آئینی ترمیم کیلیے ووٹ مانگا تھا۔سینیٹر میاں عتیق نے کھلم کھلا پارٹی پالیسی کی کھلی خلاف ورزی کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ ایوان بالا کے معاملے کی مکمل چھان بین کی ہے۔

ایوان بالا میں موجود چاروں سینیٹرز کے پاس پارٹی پالیسی تھی۔ایم کیوایم کے سینیٹر کاووٹ دینے سے ہمیں سبکی ہوئی ہے ۔ ایم کیوایم کے تنظیمی نظم وضبط کی مثالیں دی جاتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ سیاسی منظرنامے میں یہ ووٹ اہم تھا۔اس پارٹی پالیسی کی خلاف پر ہم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سینیٹر میاں عتیق کی پارٹی سے بنیادی رکنیت ختم کرتے ہوئے ان کو ایم کیوایم پاکستان سے نکال دیا ہے ۔