کینیڈا میں 14 لاکھ قدیم نسلی باشندوں کی تذلیل ہوئی، وزیراعظم ٹروڈو

September 25, 2017

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں جہاں متعدد ملکوں نے دیگر ملکوں پر الزام تراشی کی گئی وہیں کینیڈا ایک ایسے ملک کے طور پر سامنے آیا جس کے وزیراعظم نے خود اپنے ہی ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کی۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ملک کے قدیم نسلی باشندوں کی حالت زار پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے قدیم نسلی باشندوں نے طویل عرصے تک تذلیل کا سامنا کیا،حکومت اُن کی روایات کا احترام نہیں کرتی تھی۔

کینیڈین وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کینیڈا میں 14لاکھ قدیم نسلی باشندے رہتے ہیں اور اب جسٹن ٹروڈو کی حکومت ان کی بحالی کی کوشش کر رہی ہے۔

جسٹن ٹروڈو کا یہ بھی کہنا ہے کہ کینیڈا میں رقبے کے لحاظ سے تین بڑے صوبوں میں سے دو میں قدیم نسلی باشندوں کی اکثریت ہے۔