پاکستان دہشتگردی کو فروغ دے رہاہے،بھارتی آرمی چیف کا الزام

September 26, 2017

نئی دہلی (جنگ نیوز)بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے پاکستان کومتنبہ کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ وہ سرحد پار دہشتگردی کو فروغ دے رہاہے،سرجیکل اسٹرائیک پاکستان کے لئے واضح پیغام تھا،ضرورت پڑی تو ہم ایسا آپریشن دوبارہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کیلئے جوابی کارروائی کی صلاحیت رکھتا ہےجیسا کہ اس نے ایک سال قبل سرجیکل اسٹرائیک کے ذریعے کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے پاس 778کلومیٹر طویل لائن آف کنٹرول کے ساتھ دراندازی کو روکنے کی بھرپورصلاحیت موجود ہے ۔بھارتی فوج داخل کئے جانے والے دہشتگردوں کو خوش آمدید کہنے کو تیار ہےاور انہیں دفن کرنے کیلئے ڈھائی فٹ کی قبریں تیار ہیں۔ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سال 29ستمبر کو انڈین اسپیشل فورسز کی جانب سے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں دہشتگرد لائونچ پیڈ کے خلاف کامیاب سرجیکل اسٹرائیک کیا گیا تھا جو پاکستان کے لئے ایک واضح پیغام تھا۔سرجیکل اسٹرائیک ایک پیغام تھا ہم انہیں بتانا چاہتے تھے ،میں سمجھتا ہوں کہ وہ ہمارے پیغام کو سمجھ گئے اگر ضرورت پڑی تو ہم ایسا آپریشن دوبارہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک مضبوط ملک ہےاور اپنی قومی سلامتی کیلئے جب ضرورت پڑی اس طرح کے فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔