امریکی پابندیوں کا خاتمہ:سوڈان کا سعودی عرب اور امارات سے اظہارِ تشکّر

October 12, 2017

سوڈان کے صدر عمر البشیر نے ٹیلفونک رابطہ کر کے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کی اْن کوششوں اور سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے اْس کردار کا شکریہ ادا کیا ہے جو انہوں نے سوڈان پر سے امریکی پابندیاں اٹھائے جانے کے لیے ادا کیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دونوں ممالک اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ سوڈان کا نام دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکالے جانے تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

دریں اثنا شیخ محمد بن زاید نے سوڈان پر سے پابندیاں اٹھائے لیے جانے پر صدر البشیر کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ فیصلہ امن و استحکام اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے سوڈان کی کوششوں کو مضبوط کرے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوڈان پر سے اقتصادی پابندی کو اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ تقریبا ً دو دہائیوں سے جاری اس پابندی کے نتیجے میں سوڈان عالمی منڈیوں سے کٹ کر رہ گیا تھا۔

امریکی صدر کے فیصلے میں دو ایگزیکٹو آرڈرز کو منسوخ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان میں پہلا آرڈر 16 اکتوبر 1997 کو صدر بل کلنٹن اور دوسرا آرڈر 17 اکتوبر 2006 کو صدر جارج بش جونیئر کے دور حکومت میں جاری ہوا۔مذکورہ دونوں احکامات کے تحت سوڈان پر اقتصادی پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔