نارتھ ناظم آباد میں خاتون زخمی، معاملہ الجھ گیا

October 13, 2017

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں گھریلو ملازمہ کیسے زخمی ہوئی معاملہ الجھ گیا۔

پولیس کے مطابق خاتون موٹرسائیکل کی ٹکر سے زخمی ہوئی، میڈیکل رپورٹ کے مطابق زخم کسی نوکیلی چیز کا ہے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا کہ کہیں چاقو سے حملہ کرنے والا تو نہیں آگیا۔

نارتھ ناظم آباد میں آج صبح موٹر سائیکل سوار کی ٹکر سے گھریلو ملازمہ زخمی ہوگئی، واقعہ کی اطلاع پر پہلے یہ سمجھا گیا کہ چاقو مار ملزم نے اپنا دائرہ کار بڑھا دیا، جس پر ملازمہ جہاں کام کرتی ہے، وہاں موجود گھر والوں نے اسے اسپتال منتقل کرکے پولیس میں شکایت درج کرادی۔

پولیس نے اپنی تفتیش شروع کی تو ابتدائی معلومات میں زخم کی بنیاد پر معاملے کو محض حادثہ قرار دیا لیکن اسپتال کی میڈیکل رپورٹ نے ایک بار پھر معاملے کو دوسری طرف منتقل کردیا۔

اسپتال کی ابتدائی رپورٹ بتاتی ہے کہ شہرینہ نامی خاتون کا زخم ایک سینٹی میٹر گہرا اور ایک سینٹی میٹر چوڑا ہے، جسے دیکھ کر اسے موٹر سائیکل کی چوٹ نہیں کہا جاسکتا، لیکن وار چھرے یا خنجر کا بھی نہیں ہے، زخم کسی نوکیلی چیز کے لگنے سے ہوا ہے۔