انتخابی اصلاحات میں دیر ہوگئی، نئی حلقہ بندیوں کے بغیر انتخابات پر اعتراض ہوگا، الیکشن کمیشن

October 17, 2017

اسلام آباد(مانیٹرنگ سیل) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ مردم شماری کے بعد نئی انتخابی فہرستیں بنائی جائینگی کیونکہ نئی حلقہ بندیوں کے بغیر الیکشن ہوئے تو آئینی سوالات اور اعتراضات اٹھینگے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے انتخابی اصلاحات کا قانون بنانے میں تاخیر کی، انتخابی اصلاحات میں دیر ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں الیکشن ایکٹ 2017 پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ ایک کروڑ خواتین کی ووٹر رجسٹریشن کے حوالے سے دو جماعتوں کے علاوہ کسی جماعت نے الیکشن کے خط کا جواب دینا بھی گوارا نہیں کیا، سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمیشن کی مضبوطی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن ایکٹ 2017 درست سمت میں درست قدم ہے، پاکستان میں مرد اور خواتین کی رجسٹریشن میں واضح فرق ہے، ایک کروڑ خواتین کا بطور ووٹر رجسٹرڈ نہ ہونا ہماری قومی ناکامی ہے، الیکشن کمیشن خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کرے گا۔