دہشت گردی ملکی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، شاہی سید

October 19, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر شاہی سید نے کوئٹہ اور بنوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ملکی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے ملک کے کئی سیاسی اکابرین قومی سلامتی اور بقاء کا مسئلہ پس پشت ڈال کر اقتدا ر کی رسہ کشی میں مصروف عمل ہیں دہشت گردی کے منہ کھولے عفریت کے سامنے آنکھیں بند کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، ہمارے جوان اور شہری جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں متواتر دہشت گردی کے واقعات کے باوجود بھی ہم ہوش کے ناخن نہیں لے رہے ہیں، باچا خان مرکز سے جاری کردہ مذمتی بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے واقعات جہاں بھی ہوں ہم ان کی شدید مذمت کرتے ہیں دنیا کی واحد سپر پاور کے سربراہ کے بیانات اور خطے کے حالیہ واقعات کے بعد ہم سب کو اپنی آنکھیں کھول لینی چاہئیں، سول و عسکری قیادت کے درمیان فاصلوں کا تاثر قومی سلامتی کے لیے انتہائی خطر ناک ثابت ہوسکتا ہے ملک غلط فہمیوں کا متحمل نہیں ہوسکتا دہشت گردی کے خلاف مل جل کر متفقہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا، انہوں نے مذید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتی ہے اور زخمیوں کو فوری صحتیابی کے لیے دعا گو ہے۔