عمران کو گرفتار کرنا ہواتو پولیس پہلے مجھے اطلاع دیگی، ایاز صادق

October 19, 2017

لاہور (نمائندہ جنگ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بطور اسپیکر کسی کی گرفتاری کا حصہ نہیں اگر اسلام آباد پولیس نے عمران خان کو گرفتار کرنا ہے تو وہ پہلے مجھے اطلاع دے گی ۔کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے قبل نیب نے بھی مجھے اطلاع دی تھی۔ بیگم کلثوم نواز سے لندن جا کر حلف لینے کی باتیں بے بنیاد ہیں،آئین و قانون کے مطابق حلف صرف پارلیمنٹ کے ایوان کے اندر ہی لیا جا سکتا ہے ۔ذوالفقار کھوسہ ہمارے بزرگ ہیں انکے پیپلز پارٹی میں جانے کے فیصلے سے دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہیے ۔

اپنے انتخابی حلقہ میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ سیاسی کارکن ایک دوسرے کے گھر آتے جاتے ہیں،یہ جمہوریت کی نشانی ہے ۔شہباز شریف ،مریم نواز اور حمزہ شہباز کی ملاقات میں ملکی حالات اور سیاست پر بات ہو ئی ہو گی ۔ آج میرا بیٹا بھی مجھے ملنے آرہا ہے وہ بھی سیاسی ہے اور میں بھی سیاسی ہوں اس کی بھی خبر بن جائے گی ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حمزہ شہباز کی پوری ٹیم این اے 120کے ضمنی انتخاب میں مصروف تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے ایک ذمہ دار صحافی نے پوچھا کہ آپ نے ضمنی انتخاب میں کامیاب ہونے والی بیگم کلثوم نواز سے لندن جا کر اسمبلی رکنیت کا حلف لیا ہے ۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ حلف صرف پارلیمنٹ کے ایوان کے اندر ہی لیا جا سکتا ہے حتیٰ کہ میں قومی اسمبلی میں اپنے چیمبر میں بھی رکن اسمبلی سے حلف نہیں لے سکتا ۔