کمرشل قرضہ بجٹ پلان کاحصہ،زرمبادلہ کے ذخائر بہتر سطح پر برقرار ہیں،ترجمان وزارت خزانہ

October 21, 2017

اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر ) وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر بہتر سطح پر برقرار ہیں اور کمرشل قرضے کاحصول ایک معمول کا عمل ہے اور حالیہ مالی سال کے لیے قرضے کے پلان کا حصہ ہے ، وسائل کے فرق کو پورا کرنے اور بیرونی ادائیگیوں کے لیےکمرشل قرضہ رواں مالی سال کے بجٹ پلان کے مطابق ہی لیا جارہا ہے،ترجمان وزارت خزانہ نے میڈیا کے ایک حصے میں آنے والی ان خبروں کے ردعمل میں وضاحت کی جن میں کہا گیا ہے کہ حکومت نےزرمبادلہ کےذخائر کو سہارا دینے کے لیے 45کروڑ ڈالر کا کمرشل قرضہ حاصل کیاہے،ترجمان نے کہا کہ اس سے ملک کے بیرونی قرضے میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔پاکستان کا بیرونی قرضہ خطے کے دیگر ممالک بھارت ، سری لنکا اور مصر سے مقابلتاً کم ہے،ترجمان نے کہاکہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اہم مالی کامیابیوں کے باعث بہتری آئی ہے،پہلے دو ماہ میں برآمد ات میں 18فیصد ،ترسیلات زر میں 13فیصد اضافہ ہوا،براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 155فیصد اضافہ ہوا ہے۔