اسی ارکان ن لیگ چھوڑنے والے ہیں،مارچ سے پہلے کک مارچ ہو جائیگا، شیخ رشید

October 21, 2017

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو کوئی ختم نبوت، پاک فوج اور عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کا تصور بھی کریگا، ہم پاکستان میں اس کا جینا مشکل کر دیں گے، ختم نبوت کے حوالے سے حلف نامے میں ترامیم پرمولانا فضل الرحمٰن بھی خاموش رہے لیکن جب میں نے آواز اٹھائی تو کچھ لوگوں نے کہا بیٹھ جائو لیکن میں اب ان کی جڑوں میں بیٹھوں گا، تھوڑے دنوں میں ہی ن لیگ کی اینٹیں نکلنا شروع ہو گئی ہیں چند روز بعد شاہد خاقان عباسی، شہباز شریف، چوہدری نثار علی خان اور خواجہ سعد رفیق سمیت کئی اور مسلم لیگی بھی الگ ہو جائیں گے میں پہلے کہتا تھا کہ 40 ارکان ن لیگ چھوڑنے والے ہیں لیکن اب دعویٰ کرتا ہوں کہ ان کی تعداد 70سے 80ہو جائے گی، آئندہ چند ماہ ملکی تاریخ میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں مارچ سے پہلے چوروں اور لٹیرے سیاستدانوں کا کک مارچ ہوجائے گا، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اپنی مرضی کے چینل کا انتخاب کر کے مناظرہ رکھ لیں 22ارب کی کرپشن ثابت نہ کر سکا تو سیاست چھوڑ دوں گا، حدیبیہ پیپر مل کیس مدر آف کرائم ہے، یہ کیس سپریم کورٹ میں کھلتے ہی نواز شریف اور ان کے خاندان کی سیاست پر جھاڑو پھر جائے گا.

جمعہ کے روز ختم نبوت کے حوالے سے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ، انڈونیشیا، انڈیا اور ملائشیا پاناما سے دولت واپس لے کر آئے لیکن پاکستان اس لئے نہ لا سکا کہ یہاں کا نااہل وزیر اعظم اور اس کا خاندان خود کرپشن میں ملوث تھا، شریف خاندان کیخلاف پہلا کیس نیب میں ہے دوسرا سپریم کورٹ میں حدیبیہ پیپرز مل کا ہو گا اور تیسرا و آخری 2018کا الیکشن ہو گا انہوں نے کہا کہ ایک شخص کی خاطر اسمبلی کو یرغمال بنایا جا رہا ہے سپریم کورٹ پر راکٹ لانچر داغے جارہے ہیں میں ایسی اسمبلی اور جمہوریت پر ہزار بار لعنت بھیجتا ہوں جو سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام نہ کرے، انہوں نے کہا کہ ایسے حکمرانوں اور ان کی حکومتوں پر لعنت ہے جہاں حکمرانوں کی بیٹیاں اور بیویاں لندن کے بڑے اسپتالوں میں بچوں کو جنم دیتی ہیں اور غریب کی بیٹی و بیوی اسپتالوں کے ایم ایس کے دفتروں کے باہر زمین پر بچے پیدا کر دیتی ہے، انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت آمد کے موقع پر مریم نواز کو شاہی پروٹوکول دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ ابھی تو سپریم کورٹ نے نواز شریف کا لحاظ رکھا ہے لیکن عزیزیہ اور ہل میکن کے مقدمات میں ساری کسر نکل جائے گی سپریم کورٹ کے5عظیم ججوں نے اپنے فیصلے میں جان بوجھ کر گنجائش رکھی تاکہ یہ اپنے کیس کا دفاع کر سکیں، انہوں نے کہا کہ پاناما فیصلے پر جبوتی، کانگواور افریقہ سمیت پوری دنیا میں کسی ملک نے یہ نہیں کہا کہ انصاف کا خون ہوا ہے صرف نواز شریف کو انصاف نظر نہیں آرہا، انہوں نے کہا کہ شیخ رشید اور لال حویلی پوری طرح سی پیک منصوبے کے حامی ہیں لیکن چینی سن لیں کہ ہمارے کان اور آنکھیں پوری طرح سے کھلی ہیں۔