بنگلہ دیش پہنچنے والے روہنگیا مہاجرین کی تعدادمیں اضافہ

October 22, 2017

میانمار سے بنگلہ دیش پناہ لینے والے روہنگیا مہاجرین کی تعداد5لاکھ 89ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق نے بتایا کہ ان میں سے نصف تارکین وطن کٹوپلانگ میں قائم ایک بڑے کیمپ میں رہائش پذیر ہیں جہاں امدادی اداروں کے کارکن بنیادی سہولتوں، بنیادی ڈھانچے اور سڑک کی حالت کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فلاحی ادارے ریفیوجیز انٹرنیشنل کے صدر ایرک پال شوارٹز نے گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ ستمبر کے اوائل میں مہاجرین کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں یہ بات واضح ہو چکی تھی کہ یہ صورت حال ’’نسلی صفائی‘‘ کے مترداف ہے اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا جارہا ہے۔