بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، بیرسٹر سلطان

October 23, 2017

برمنگھم (نمائندہ جنگ) کشمیر پی ٹی آئی کے مرکزی صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمد چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی خاموشی اور بے حسی کی وجہ سے بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ لائن آف کنٹرول پر معصوم اور بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کررہاہے۔ بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور جاری بدترین مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے منقسم کشمیریوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ مقبوضہ کشمیر کی قیادت سے مل کر تحریک آزادی کشمیر کو اپنے منطقی انجام کے لیے یورپ بھر میں احتجاج اور مظاہرے کیے جارہے ہیں، حریت قیادت سے مکمل رابطہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما چوہدری اشتیاق لہڑی کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چوہدری عبدالغفور کھاڑک، بیرسٹر کرامت حسین، عارف کیروی، چوہدری کرامت حسین آف رٹہ سمیت مختلف کشمیری رہنمائوں، کارکنوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کشمیر ملین مارچ کے دوررس نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ آج پوری دنیا میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے بھارتی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کے باہر مظاہرے اور احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے حالیہ دنوں لائن آف کنٹرول پر بمباری اور فائرنگ کی شڈید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کو نوٹس لینا ہوگا۔پاکستان اپنی خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو ترجیح دے کر عالمی برادری پر دبائو ڈالے تا کہ بھارت کی جارحیت کا نوٹس لیا جائے۔